8 فروری کے احتجاج کی کال کسی صورت واپس نہیں لی جائیگی:محمود اچکزئی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے واضح کیا ہے کہ 8 فروری کے احتجاج کی کال کسی صورت واپس نہیں لی جائے گی۔ اسلام آباد میں ان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سینیٹر راجا ناصر عباس، بیرسٹر گوہر، محمد زبیر، عمار علی جان اور مصطفیٰ نواز کھوکھر نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں 8 فروری کو بین الاقوامی سطح پر یوم سیاہ منانے اور ملک گیر ہڑتال کے مشاورتی عمل کو مکمل کیا گیا۔ اپوزیشن اتحاد کے مطابق 8 فروری پاکستانی قوم کے لیے اجتماعی تضحیک کا دن ہے، جس روز عوام کے بنیادی حقوق اور حکمران چننے کے اختیار پر ڈاکا ڈالا گیا اور عوام کو بے اختیار بنا دیا گیا۔

اجلاس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو دی گئی سزا کو اظہار رائے اور فیئر ٹرائل کے حقوق پر کاری ضرب قرار دیا گیا۔ اجلاس کے فیصلے میں نئے انتخابات کرانے اور سیاسی قیدیوں کو فوری رہا کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ حالات کے پیش نظر جیل بھرو تحریک بھی شروع کی جا سکتی ہے اور یہ ابھی آغاز ہے، آگے مزید مراحل باقی ہیں۔