81 سالہ امریکی خاتون کو دنیا کی سب سے معمر ٹرین ڈرائیور قرار دے دیا گیا۔ اس حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ امریکی ریاست میساچوسسٹس کے شہر بوسٹن کی 81 سالہ ہیلن اینٹینوسی میساچوسسٹس بے ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی کی ٹرین ڈرائیور ہیں۔انھوں نے اس محکمہ کو 53 برس کی عمر میں 1995 میں جوائن کیا تھا اور وہ لگ بھگ تین عشروں تک بلیو لائن ٹرینز ڈرائیو کرتی رہیں۔
اب انھیں گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کی سب سے معمر ٹرین ڈرائیور قرار دیا ہے۔ اعزاز ملنے کے موقع پر ہیلن نے گنیز ورلڈ ریکارڈ حکام سے گفتگو کے دوران کہا کہ انکی پانچ بیٹیاں ہیں۔ امریکی خاتون کا کہنا ہے کہ انکے لیے ڈرائیونگ گھر سے باہر رہنے اور سکون کا ذریعہ ہے۔ انکی جانب سے انکی ساتھی ورکر نے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درخواست دی تھی، تاہم ہیلن کو علم اس وقت ہوا جب آفیشلی اسکا اعلان کیا گیا۔ ہیلن کے مطابق وہ روزانہ صبح اٹھ کر وہ سب کچھ کرتی ہیں جو انھیں پسند ہے، انکے مطابق انکی عمر کے زیادہ تر افراد ایسا نہیں کرپاتے ہیں۔انھوں نے اپنے تمام ساتھی ورکرز، خاندان، دوستوں اور مسافروں کا شکریہ ادا کیا۔ ہیلن جو کہ اب 82 ویں سالگرہ کے قریب ہیں انکا کہنا ہے کہ ریٹائرمنٹ کا منصوبہ نہیں ہے۔