راولپنڈی (کورٹ رپورٹر/نیوز ایجنسیاں) راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو واٹس ایپ لنک کے ذریعے پیش کیا گیا، تاہم آواز اور تصویر واضح نہ ہونے پر وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی۔ اس دوران عمران خان کے وکلا فیصل ملک اور سلمان اکرم راجا عدالت میں پیش ہوئے۔ وکلا نے بانی پی ٹی آئی سے براہِ راست بات کرنے کی اجازت طلب کی جس پر عدالت نے اجازت دی، لیکن واٹس ایپ لنک پر آواز بار بار منقطع ہونے اور تصویر دھندلی ہونے کے باعث وکلا نے کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے عدالت سے باہر نکل گئے۔
یاد رہے کہ 19 ستمبر کو ہونے والی سماعت میں عدالت نے عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی تھی۔ اس موقع پر بھی وکلا نے کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا۔ عمران خان کے وکلا کا مؤقف ہے کہ بانی پی ٹی آئی منصفانہ ٹرائل چاہتے ہیں جو ان کی ذاتی پیشی کے بغیر ممکن نہیں۔عدالت نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان پنجاب حکومت کے نوٹی فکیشن کے تحت ہی عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں۔

