واشنگٹن(نیٹ نیوز)امریکا میں 9 سالہ کیلیب چابولا ایک خطرناک سوشل میڈیا ٹرینڈ کے دوران بری طرح جھلس گیا۔ رپورٹس کے مطابق کیلیب نے ٹک ٹاک پر لائکس حاصل کرنے کیلئے پلاسٹک کے ایک کھلونا مائیکرو ویو میں رکھ کر ویڈیو بنانے کی کوشش کی۔ ابتدائی طور پر اس کی والدہ نے سمجھا کہ وہ ناشتہ تیار کر رہا ہے، تاہم درحقیقت کیلیب ایک سینسری یا اسٹریس بال کھلونا گرم کر رہا تھا۔
مائیکرو ویو کھولتے ہی کھلونا پھٹ گیا اور اس میں موجود جیل نما مواد کیلیب کے چہرے اور ہاتھوں پر گر گیا، جس سے اسے سیکنڈ ڈگری کے جلنے کے زخم آئے اور اس کی ایک آنکھ مکمل طور پر سوج گئی۔ والدہ کے مطابق چیخوں کی آواز سن کر وہ فوراً موقع پر پہنچیں اور بچے کو برن سینٹر منتقل کیا گیا۔
برن سینٹر کی نمائندہ کیلی میک ایلیگوٹ نے بتایا کہ جیل نما مواد انتہائی چپچپا اور دیر تک گرم رہتا ہے، جس کی وجہ سے جلنے کے زخم شدید ہو جاتے ہیں۔ برن سینٹر کے مطابق کیلیب خوش قسمت ہے کہ اسے زیادہ سنگین چوٹیں نہیں آئیں، تاہم ایسے سوشل میڈیا رجحانات کم عمر بچوں کے لیے نہایت خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
ادھر ٹک ٹاک کے ترجمان نک اسمتھ نے کہا ہے کہ پلیٹ فارم پر خطرناک سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنے والے مواد کی اجازت نہیں دی جاتی، ایسی ویڈیوز کو خودکار نظام کے تحت ہٹا دیا جاتا ہے، اور گزشتہ سال کی تیسری سہ ماہی میں 99.8 فیصد خلافِ ضابطہ مواد پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا تھا۔

