لاہور ( نمائندہ خصوصی)شیرپاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس میں انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، سینیٹر اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی، جبکہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کئی ملزمان کو بری کر دیا گیا۔
لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کو پیش آنے والے شیرپاؤ پل جلاؤ گھیراؤ واقعے کے مقدمے میں محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کی اہم شخصیات کو سخت سزائیں سنائیں۔ عدالت نے جیل ٹرائل کے ذریعے مقدمے کی کارروائی مکمل کی اور مجموعی طور پر 61 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔
سزا پانے والوں میں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری، اور عمر سرفراز چیمہ کے علاوہ خالد قیوم، ریاض حسین، علی حسن اور افضال عظیم پاہٹ شامل ہیں جنہیں بھی 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
اس مقدمے میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، زباس مان، افتخار احمد، اور رانا تنویر کو بری کر دیا گیا ہے۔
آج ہی انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا نے بھی 9 مئی 2023 کو میانوالی میں احتجاج کے ایک اور مقدمے میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بچھر اور دیگر کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتاری کے بعد ملک گیر مظاہروں اور پُرتشدد احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔
اس دوران لاہور میں ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو آگ لگائی گئی، جناح ہاؤس (کور کمانڈر لاہور کی رہائشگاہ) پر حملہ کیا گیا، جب کہ راولپنڈی میں جی ایچ کیو کا گیٹ توڑا گیا۔
ملک بھر میں توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد مظاہروں کے بعد تقریباً 1900 افراد کو گرفتار کیا گیا، اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کئی مقدمات درج کیے گئے، جن میں یہ کیس بھی شامل ہے۔

