اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے 9 مئی کے مقدمات میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو سنائی گئی سزاؤں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ “آج جمہوریت کیلئےافسوس کا دن ہے”۔انہوں نے اعلان کیا کہ تمام فیصلوں کو اعلیٰ عدلیہ میں چیلنج کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایوان میں واپسی یا بائیکاٹ کا فیصلہ پارٹی کے بانی عمران خان کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے فیصلے جمہوریت کو ڈی ریل کر دیتے ہیں، مگر اب بھی وقت ہے کہ سسٹم کو بچایا جائے۔
انہوں نے کہا”ہم افسوس کے ساتھ یہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ہمارے لیڈر کو قید رکھا گیا، ان کی اہلیہ کو سزا دی گئی تاکہ دباؤ ڈالا جا سکے، لیکن ہم نے کبھی دھرنا نہیں دیا، ہم ایوان میں رہے اور سسٹم کے ساتھ کھڑے رہے۔”
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق،پارٹی کے 6 ارکانِ قومی اسمبلی (ایم این ایز)،3 ارکانِ صوبائی اسمبلی (ایم پی ایز)،ایک سینیٹراور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا سمیت دیگر رہنماؤں کو سزائیں دی گئی ہیں۔
انہوں نے زرتاج گل کی سزا کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سب رہنماؤں نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی، بلکہ سسٹم اور جمہوریت پر یقین رکھا۔بیرسٹر گوہر نے کہا”ہم نے چیف جسٹس سے صرف اتنا کہا تھا کہ انصاف کے ساتھ فیصلہ کریں، ہمیں کچھ نہیں چاہیے۔”
انہوں نے نشاندہی کی کہ صرف 3 دنوں میں تین الگ الگ مقدمات میں 45 سال کی سزائیں سنائی گئیں، جو انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ ان کے بقول، یہ عمل جمہوری نظام کیلئےخطرناک ہے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے فیصل آباد کے مقدمے میں سنائی گئی سزاؤں پر افسوس کا اظہار کیا، جن میں ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو بھی سزا سنائی گئی۔
پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے یہ واضح پیغام سامنے آیا ہے کہ عدالتی فیصلوں کیخلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ جمہوریت، نظام اور انصاف کی بالادستی کیلئےپرامن جدوجہد جاری رہے گی۔

