لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو گلبرگ کے علاقے میں جلاؤ گھیراؤ اور گاڑیاں نذرِ آتش کرنے کے دو مقدمات کا تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے جرم ثابت نہ ہونے پر 23 ملزمان کو بری کرنے کا حکم بھی دیا۔
فیصلے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید کو مجموعی طور پر 33 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ عدالت نے کہا کہ میاں محمود الرشید کو مختلف دفعات کے تحت الگ الگ سزائیں دی گئی ہیں۔
فیصلے کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔ عدالت نے بتایا کہ یہ رہنما سازش کی میٹنگ میں موجود تھے اور پراسیکیوشن کے مطابق انہوں نے عوام میں انتشار پھیلانے میں کردار ادا کیا۔
تحریری فیصلے میں یہ بھی بیان کیا گیا کہ پراسیکیوشن نے واٹس ایپ پیغامات اور 70 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات عدالت میں پیش کیں، جبکہ ملزمان کے خلاف فارنزک رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ جے آئی ٹی کی تفتیشی ٹیم نے ملزمان کو قصور وار قرار دیا اور ملزمان نے اس رپورٹ کو کسی فورم پر چیلنج نہیں کیا۔عدالت نے کہا کہ ملزمان نے اپنے حتمی بیانات میں خود کو بے گناہ قرار دیا، تاہم شواہد کی بنیاد پر سزائیں سنائی گئیں۔

