9 مئی کیسز:الیکشن کمیشن نے اعجاز چوہدری، احمد بچر اور احمد چٹھہ نااہل قراردیدیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما اعجاز چوہدری، رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بچر کو نااہل قرار دے دیا ہے۔ اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

اعجاز چوہدری، احمد چٹھہ اور احمد بچر کو انسداد دہشتگردی کی عدالت سے 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 63(1)(h) کے تحت انہیں عوامی نمائندگی کیلئےنااہل قرار دے دیا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر اعجاز چوہدری کو لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے شیرپاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال قید کی سزا سنائی۔ اسی بنیاد پر وہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 63(1)(h) کے تحت سینیٹ کی رکنیت سے نااہل ہو گئے ہیں۔

ادھر الیکشن کمیشن نے این اے 66 وزیرآباد سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے محمد احمد چٹھہ اور پی پی 87 میانوالی سے پنجاب اسمبلی کے رکن احمد خان بچر کی نااہلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ 22 جولائی 2025 کو انسداد دہشتگردی عدالت سرگودھا نے 9 مئی 2023 کے پُرتشدد احتجاج کے مقدمے میں احمد چٹھہ، احمد خان بچر اور پی ٹی آئی کے 30 دیگر رہنماؤں و کارکنان کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ ان پر جلاؤ گھیراؤ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور سنگین نوعیت کے دیگر الزامات عائد کیے گئے تھے۔

اسی روز لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور سرفراز چیمہ کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا سنائی، جب کہ شاہ محمود قریشی و دیگر کو بری کر دیا گیا۔

ان فیصلوں کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت پر قانونی و سیاسی دباؤ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ مذکورہ نشستوں پر ضمنی انتخابات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں