برامپٹن، اونٹاریو (نمائندہ خصوصی) امیلیمٹیڈ ٹرانزٹ یونین (ATU) لوکل 1573 نے سٹی آف برامپٹن کے ساتھ دو اجتماعی معاہدوں کی توثیق کر دی ہے، جو تقریباً 1400کل وقتی اور جزوقتی ملازمین پر لاگو ہوں گے۔
اس معاہدے کی بدولت کسی بھی قسم کی ہڑتال یا سروس میں تعطل سے بچا گیا ہے۔ یہ معاہدے، جنہیں 21 مئی 2025 کو سٹی کونسل میٹنگ میں باضابطہ طور پر منظور کیا جائیگا یکم جولائی 2024 سے 30 جون 2027 تک نافذ العمل رہیں گے۔
سٹی آف برامپٹن اور ATU لوکل 1573 کے درمیان طے پانے والا یہ معاہدہ کارکنوں کی خدمات کے اعتراف میں ایک منصفانہ اور متوازن فیصلہ ہے، جو برامپٹن کے ٹرانزٹ سسٹم کو محفوظ اور فعال رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پیٹرک براؤن، میئر، سٹی آف برامپٹن کاکہناتھا”یہ معاہدہ اُن ٹرانزٹ ورکرز سے ہماری وابستگی کی تصدیق ہے جو ہر روز برامپٹن کو متحرک رکھتے ہیں۔ اُن کی محنت اور لگن ہمارے نظام کی بنیاد ہے۔ میں ATU لوکل 1573 اور سٹی کی ٹیم کا شکر گزار ہوں جنہوں نے پیشہ ورانہ، باہمی تعاون اور سنجیدگی سے یہ معاہدہ ممکن بنایا۔ ہم اپنے شہریوں کو ایک محفوظ، قابل اعتماد اور مؤثر ٹرانزٹ سروس مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔”
ہیڈی ڈیمسٹر، جنرل مینیجر، برامپٹن ٹرانزٹ نے بتایا “یہ معاہدہ اعلیٰ معیار کی عوامی ٹرانسپورٹ کی فراہمی پر ہماری توجہ کو برقرار رکھتے ہوئے ملازمین کی قدر کرتا ہے۔ میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے اس کامیاب نتیجے میں کردار ادا کیا۔”
اینڈریو سلابی، صدر، ATU لوکل 1573کے مطابق “یہ معاہدہ ہمارے ممبران کی اتحاد و یکجہتی اور خوش اخلاقی پر مبنی مذاکرات کی طاقت کا ثبوت ہے۔ ہمیں اس معاہدے پر فخر ہے جو ہمارے ٹرانزٹ ورکرز کے اہم کردار کو تسلیم کرتا ہے اور برامپٹن کی خدمت میں اُن کی لگن کو سراہتا ہے۔ میں اپنے ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اور سٹی کا بھی، جس نے ہمارے ساتھ مل کر ایک منصفانہ اور متوازن معاہدہ طے کیا۔”

