لاہور ایک بار پھر عالمی کھیلوں کا مرکز بننے جا رہا ہے جہاں دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ یہ ایونٹ نا صرف پاکستان کی کھیلوں کے میدان میں بڑھتی ہوئی پہچان کا ثبوت ہے بلکہ عالمی دنیا کے پاکستان پر بڑھتے اعتماد کا عکاس بھی ہے۔
ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن (WBA) کے تعاون سے منعقد ہونے والا یہ میگا ایونٹ پاکستان کے سپورٹس کلینڈر میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت اختیار کر چکا ہے جس میں 15 ممالک کے 44 پروفیشنل باکسرز شرکت کر رہے ہیں جن میں 6 پاکستانی اور 38 بین الاقوامی فائٹرز شامل ہیں۔

امریکہ، برطانیہ، جرمنی، کوریا، آسٹریلیا، آئرلینڈ، فلپائن، نیدرلینڈز، مراکش، گھانا، بینن، فرانس سمیت دیگر ممالک کے نامور باکسرز، آفیشلز اور WBA کے نمائندگان پاکستان پہنچ چکے ہیں۔یہ پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے کہ دنیا بھر کے معروف باکسرز نا صرف یہاں آ رہے ہیں بلکہ پاکستان کے انتظامات اور مہمان نوازی سے مکمل طور پر متاثر بھی دکھائی دیتے ہیں۔

جناح سپورٹس کمپلیکس لاہور گیریژن میں پرہجوم میٹ دی پریس میں غیر ملکی باکسرز نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی باکسرز عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، اور ان کے ساتھ مقابلہ کرنا ایک اعزاز سمجھتے ہیں۔ یہ کسی بھی قوم کے لیے فخر کی بات ہے کہ دنیا کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے اتھلیٹس پاکستان کو محفوظ، پرجوش اور کھیل دوست ملک قرار دے رہے ہیں۔

”Fight for Glory” کے عنوان سے منعقد ہونے والی یہ چیمپئن شپ 26 سے 29 نومبر تک جاری رہے گی۔ایونٹ میں ملک بھر سے کھیلوں کے شائقین، قومی ہیروز، نامور سپورٹس فگرز اور شوبز کی معروف شخصیات کی شرکت سے اس کی رونق مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
یہ چیمپئن شپ حکومتِ پنجاب، فوجی فاؤنڈیشن اور لاہور کور کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں کھیلوں کی ترویج کے لیے سول و عسکری ادارے ایک ہی صف میں کھڑے ہیں،
عالمی سطح کے اس بڑے ایونٹ کا انعقاد بلاشبہ کھیلوں کے فروغ، بین الاقوامی روابط کے استحکام اور پاکستان کے مثبت تشخص کو نئی بلندیوں تک پہنچائے گا۔ لاہور کی فضا اس وقت ایک نئی توانائی، جوش اور عالمی رنگ میں رنگی ہوئی ہے۔ “فائٹ فار گلوری” نہ صرف باکسنگ شائقین کے لیے دلچسپی کا مرکز ہو گی بلکہ پاکستان میں سپورٹس ٹورازم کو نئی جہت دینے کا ذریعہ بھی ثابت ہو گی۔
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور غیر ملکی مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوۓ امید ظاہر کی کہ شائقین کو زبردست مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

