HBL پاکستان سپر لیگ روڈ شو نے نیو یارک میں پاکستانی کرکٹ کا جوش دکھادیا

نیو یارک (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ PCB نے قونصل خانہ پاکستان، نیو یارک کے تعاون سے HBL پاکستان سپر لیگ PSL روڈ شو کا کامیابی سے انعقاد کیا۔ یہ تقریب لیگ کی عالمی سطح پر رسائی اور بین الاقوامی شمولیت کے اقدامات کا حصہ تھی، اس نے امریکہ میں پاکستان کی معروف T20 لیگ کا جوش و جذبہ دکھایا۔

روڈ شو میں پاکستانی کھلاڑی شان مسعود، سعود شکیل، سیم ایوب، فہیم اشرف، ابرار احمد اور سلمان علی آغا کے ساتھ کرکٹ لیجنڈز رمیز راجہ اور وسیم اکرم بھی شریک ہوئے۔ HBL پاکستان سپر لیگ ٹرافی بھی نمائش کیلئے رکھی گئی، جس نے کرکٹ شائقین، پاکستانی کمیونٹی، کھیل کے دلدادہ افراد اور کاروباری و میڈیا نمائندگان کی توجہ حاصل کی۔

نیو یارک کے ٹائم سکوائرپر منعقد ہونے والی اس تقریب میں شائقین کو کھلاڑیوں سے ملاقات، PSL قیادت کے ساتھ بات چیت اورHBL پاکستان سپر لیگ ٹرافی کے ساتھ تصاویر لینے کا موقع ملا۔ یہ ایونٹ PSL کی عالمی سطح پر پہچان، مقابلہ جاتی کرکٹ، ابھرتی ہوئی ٹیلنٹ اور شائقین کے ساتھ مضبوط تعلقات کو اجاگر کرتا ہے۔

مزید برآں، PCB نے نیو یارک سٹی میں HBL PSL ٹرافی ٹور بھی منعقد کیا، جس کی قیادت وزیرداخلہ اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کی، جبکہ پاکستان کرکٹ کے کھلاڑی بھی اس میں شامل تھے۔ ٹرافی ٹور شہر کے مشہور مقامات سے گزرا اور ٹائمز اسکوائر پر اختتام پذیر ہوا، جہاں شائقین کے ساتھ خصوصی ملاقات کا انعقاد کیا گیا۔

قونصل خانہ پاکستان، نیو یارک نے روڈ شو اور ٹرافی ٹور کی سہولت فراہم کی اور پاکستان کی مثبت شبیہ کو فروغ دینے اور امریکہ میں ثقافتی و کھیلوں کی سفارتکاری کو آگے بڑھانے میں معاونت کی۔ یہ پروگرام ممکنہ شراکت داروں اور سرمایہ کاروں سے تعلقات قائم کرنے کا بھی موقع فراہم کرتا ہے، جو PSL کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی رسائی اور تجارتی کشش کی عکاسی کرتا ہے۔

HBL پاکستان سپر لیگ روڈ شو اور ٹرافی ٹور نے نیو یارک میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو کر یہ ظاہر کیا کہ کرکٹ کمیونٹی کو متحد کرنے، سرحدیں عبور کرنے اور عالمی سطح پر پاکستان کے کھیل کے جذبے کو پیش کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔