MP اقرا خالد کی جانب سے انتخابی مہم میں خدمات انجام دینے والوں کو خراجِ تحسین

مسی ساگا(نمائندہ خصوصی)کینیڈین ہاؤس آف کامنز میں مسی ساگا ایرن ملز کی نمائندگی کرنے والی لبرل پارٹی کی رکن پارلیمنٹ اقرا خالد کی جانب سے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا. جس کا مقصد اُن تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے حالیہ انتخابی مہم میں بے لوث خدمات انجام دیں اور حلقےکو کامیابی سے “True Red” رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

تقریب کا آغازاقرا خالد کی پُراثر تقریر سے ہوا جس میں انہوں نے کہا”میرے نزدیک یہ سب سے اہم انتخابی مہم کی تقریب ہے کیونکہ یہ اُن تمام لوگوں کی خدمات کو سراہنے کا لمحہ ہے جنہوں نے ہماری کامیابی کو ممکن بنایا۔ چاہے آپ نے مہم کا حصہ بن کر کام کیا ہو یا انفرادی حیثیت میں آپ کی محنت، خلوص اور جذبے نے ہماری ٹیم کو وہ طاقت دی جس کی بدولت ہم کامیاب ہوئے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ”جب مشکل وقت آتا ہے، تو ہم ایک کمیونٹی بن کر ابھرتے ہیں اور یہی وہ اقدار ہیں جنہیں ہم دل سے عزیز رکھتے ہیں۔ یہی ہماری کامیابی کی اصل بنیاد ہے۔”

تقریب کا آغاز روایتی “Land Acknowledgement” سے کیا گیا، جس میں Haudenosaunee، Anishinaabeg، Wendat، Huron اور Mississaugas of the Credit First Nation کے روایتی علاقوں کا احترام کرتے ہوئے اعتراف کیا گیا۔ اقرا خالد نے اس موقع کو اجتماعی ملکیت، جمہوریت اور مقامی برادریوں کے احترام کا مظہر قرار دیا۔

بعد ازاں، اقرا خالد نے اُن تمام رضاکاروں کیلئے “تشکر کے اسناد (Certificates of Appreciation)” کا اعلان کیا جنہوں نے اپنے وقت، وسائل، دعاؤں اور نیک نیتی کے ساتھ انتخابی مہم میں بھرپور کردار ادا کیا۔

تقسیم اسناد کے دوران آفرین نے اسٹیج پر اقرا خالد کو سرٹیفیکیٹس فراہم کیے جبکہ حاضرین میں سے ہر نام پکارے جانے پر متعلقہ فرد اسٹیج پر آیا تصویر بنائی گئی اور پھر اپنی نشست پر واپس چلا گیا۔

اس موقع پر پانچ ممتاز کمیونٹی ممبران کو خصوصی طور پر سراہا گیا جبکہ 19 رضاکاروں کو اُن کی مثالی خدمات پر یادگاری ٹرافیاں دی گئیں۔

“ہماری فتح ایک کمرے سے شروع نہیں ہوئی، بلکہ ایک شخص سے دوسرے شخص کی بات سے ایک مثبت سوچ سے اور اس ایمان سے شروع ہوئی کہ ہم سب مل کر بہتر تبدیلی لا سکتے ہیں۔ ٹیم اقرا نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ جب ہم اکٹھے ہوتے ہیں تو کچھ بھی ممکن ہے۔”

یہ تقریب نہ صرف تشکر کا اظہار تھی بلکہ آئندہ کیلئےحوصلہ افزائی، اجتماعی جذبے اور خدمت کے عزم کی تجدید کا ذریعہ بھی بنی۔شرکاء کیلئے پرتکلف کھانے کا اہتمام کیا گیا تاکہ تقریب کی رسمی کارروائیوں میں توجہ مرکوز رہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں