آئمہ بیگ عمرے کیلئے روانہ، طویل مدت تک پاکستان واپس نہ آنے کا اعلان

پاکستانی معروف نوجوان گلوکارہ آئمہ بیگ نے طویل مدت تک پاکستان سے باہر رہنے کا اعلان کیا ہے۔

گلوکارہ آئمہ بیگ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام پر چند اسٹوریز شیئر کی ہیں جن میں اُنہیں جہاز اور بعد ازا دبئی ایئر پورٹ پر دیکھا جا سکتا ہے۔

گلوکارہ نے اپنی پہلی اسٹوری میں لکھا ہے ’اللہ عمرہ قبول کرے اور اپنے حفظ و امان میں رکھے، بائے پاکستان، میں اپنے ملک کو بہت یاد کروں گی، میں معمول سے ہٹ کر ایک یا دو ہفتوں، مہینوں سے زائد عرصے کے لیے باہر جا رہی ہوں، میں خوش نہیں ہوں مگر مجھے یقین ہے کہ اللہ سب ٹھیک کر دے گا۔‘

ایک اور اسٹوری میں گلوکارہ نے لکھا ہے کہ ’میں پاکستان کو یاد کروں گی۔‘

آئمہ بیگ نے اپنی اسٹوریز میں جہاز کی کھڑکی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مزید لکھا ہے کہ ’حتیٰ کہ بادل تک رو رہے ہیں کہ میں لمبے عرصے کے لیے جا رہی ہوں، بہت تیز بارش ہے، امید کرتی ہوں کہ یہ میرا آخری عمرہ نہیں ہوگا۔

ایک اور اسٹوری میں آئمہ بیگ نے اپنی مکمل تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنا لباس دیکھایا ہے۔

آئمہ نے لکھا ہے ’پاکستان چھوڑنے سے قبل میرا آخری لباس‘، اور اُن لوگوں سے معذرت بھی کی ہے جن سے وہ پاکستان چھوڑنے سے قبل مل نہیں سکیں۔

آئمہ بیگ نے گزشتہ شب شیئر کی گئی اسٹوریز کے آخر میں اپنے بیرونِ ملک جانے سے متعلق سوالوں کا جواب بھی دیا ہے۔

گلوکارہ کا کہنا ہے کہ سب مجھ سے پاکستان چھوڑنے سے متعلق سوال کر رہے ہیں، بے فکر رہیں، میں کہیں نہیں جا رہی، میں واپس آؤں گی، مجھے میوزک سے پیار ہے، ابھی تو میوزک بنانا میں نے شروع کیا ہے، میں آپ لوگوں کی اتنی آسانی سے جان نہیں چھوڑنے والی۔

ایک اسٹوری میں گلوکارہ کا کہنا ہے کہ میں معمول سے ہٹ کر لمبے عرصے کے لیے پاکستان سے باہر ضرور جا رہی ہوں مگر یہ سارا سفر میرے پیشے اور کام سے متعلق ہوگا، ہر آرٹسٹ کو ایک سے دوسرے ملک جانا پڑتا ہے، ہر آرٹسٹ بہت سفر کرتا ہے، مگر میں اس بار کچھ زیادہ طویل عرصے کے لیے ملک سے باہر جا رہی ہوں۔

اپنا تبصرہ لکھیں