آئی سی سی ضابطہ اخلاق کیخلاف ورزی، سوریا کمار یادو اور حارث رؤف پر جرمانہ

دبئی (اسپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاک-بھارت میچز کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادو اور پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف پر جرمانہ عائد کر دیا، جبکہ پاکستانی بلے باز صاحبزادہ فرحان کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔

کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق آئی سی سی نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادو اور پاکستانی پیسر حارث رؤف پر میچ فیس کا 30،30 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔ سوریا کمار یادو کو 14 ستمبر کو کھیلے گئے پاک-بھارت میچ کے بعد سیاسی نوعیت کے بیانات دینے پر سزا سنائی گئی۔ میچ ریفری رچی رچرڈسن کی سربراہی میں سماعت کے بعد فیصلہ سنایا گیا، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔

پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو 21 ستمبر کو دبئی میں ہونے والے سپر فور میچ کے دوران شائقین کی جانب اشارے کرنے پر جرمانہ ہوا، جبکہ پاکستانی بلے باز صاحبزادہ فرحان کو نصف سنچری کے بعد جشن منانے کے مخصوص انداز پر صرف وارننگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق سماعت کے دوران میچ ریفری نے حارث رؤف سے بار بار اشارے کرنے کی وضاحت طلب کی۔ حارث رؤف نے کہا کہ اشارے کسی کی دل آزاری کے لیے نہیں کیے گئے۔ صاحبزادہ فرحان نے بھی موقف اختیار کیا کہ ان کی جشن منانے کی طرز کسی کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں تھی۔ سماعت میں پاکستان ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ بھی شریک ہوئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سوریا کمار یادو کے سیاسی بیانات پر آئی سی سی کو باضابطہ شکایت درج کرائی تھی۔ سوریا کمار یادو نے نہ صرف میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا بلکہ پوسٹ میچ پریزنٹیشن اور پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’آج کی جیت کو پہلگام واقعے کے نام کرتا ہوں، پاکستان کے خلاف بھارتی آرمی کے لیے یہ ہماری طرف سے تحفہ ہے‘‘۔

اس بیان کو آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا اور بھارتی کپتان پر جرمانہ عائد کر دیا۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے جوابی طور پر پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف شکایات درج کرائی تھیں۔ تینوں کھلاڑیوں نے اپنے خلاف الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کیا۔

یاد رہے کہ پاک-بھارت میچز میں سیاسی بیانات اور غیر ضروری حرکات کو آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تصور کرتی ہے۔ تازہ ترین فیصلے میں سوریا کمار یادو اور حارث رؤف جرمانے کی زد میں آئے ہیں، جبکہ صاحبزادہ فرحان کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں