لاہور (اسپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کو بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر آمادہ کرنے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں، اس سلسلے میں آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی سے قذافی اسٹیڈیم میں اہم ملاقات کی، جس میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان تقریباً چار گھنٹے تک مذاکرات جاری رہے، جس کے بعد ڈنر بریک کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کھانے کے بعد مذاکرات کا مقام تبدیل کر کے بات چیت دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ تینوں فریقین نے بات چیت کو نتیجہ خیز بنانے کی کوشش کی اور اس امر پر زور دیا گیا کہ بنگلادیش کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتی کا ازالہ مذاکرات کی کامیابی کے لیے اہم ہوگا، جبکہ پاکستان کا بھارت سے کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ بعد کا مرحلہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی ہیڈکوارٹر میں ہونے والی طویل نشست میں محسن نقوی، عمران خواجہ اور امین الاسلام شریک رہے۔ ملاقات کا بنیادی ایجنڈا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف راؤنڈ میچ کھیلنے پر آمادہ کرنا تھا۔
یاد رہے کہ بنگلادیش نے بھارت میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے دوران اپنی ٹیم کو سیکیورٹی خدشات لاحق ہونے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے وینیوز کی تبدیلی کی درخواست کی تھی، جسے آئی سی سی نے مسترد کر دیا تھا۔ بعد ازاں بنگلادیش نے احتجاجاً ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا تو آئی سی سی نے اسے ایونٹ سے باہر کر کے اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا۔
اس اقدام پر پاکستان نے اسے دہرا معیار قرار دیتے ہوئے بنگلادیش کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

