شکریہ! آج اس ہجوم کو دیکھ کر دل خوش ہو رہا ہے کہ یہاں میرے ساتھ میرے سیاسی سفر کے آغاز سے موجود بہت سے پرانے دوست بھی ہیں، وہ دوست بھی ہیں جنہیں میں نے اس سفر کے دوران پایا اور نئے چہرے بھی ہیں جو ہمارے ساتھ شامل ہو رہے ہیں تاکہ آپ کی طرف سےہم مل کر اونٹاریو اور سکاربورو میں قیادت کا ایک نیا انداز لے کر آئیں۔ان خیالات کا اظہارسکاربورو سینٹر کیلئےاونٹاریو لبرل پارٹی کے صوبائی ممبرکیلئے نامزد امیدوار مظہرشفیق نےاپنے اعزاز میں منعقد تقریب سے خطاب کے دوران کیا.
مظہرشفیق کی لبرل پارٹی کیلئے سکاربو سے صوبائی ممبر کیلئے نامزدگی اورفنڈریزنگ کی اس تقریب سے ممبرپارلیمنٹ روب اولیفینٹ،ممبرپارلیمنٹ سلمی زاہد،ممبرپارلیمنٹ دیپیکادمیرلا بھی خطاب کیا.
مظہرشفیق کااس موقع پرمزیدکہناتھا کہ اُن لوگوں کی طرف سے جو اپنے لئے فیملی ڈاکٹر تلاش نہیں کر پا رہے،جو اپنے بچوں کو بھری ہوئی کلاسوں میں بھیجتے ہیں،جو روزمرہ ضروریات کو پورا کرنے میں مشکل محسوس کرتے ہیں،اُن سب کی طرف سے جو تبدیلی کیلئے تیار ہیں۔میں بہت عاجزی اور ذمہ داری کے ساتھ سکاربورو سینٹر کیلئےاونٹاریو لبرل پارٹی کے امیدوار کے طور پر آپ کی نامزدگی قبول کرتا ہوں.
میرے دوستو، ہمارے پاس کرنے کیلئے بہت کام ہے۔ اونٹاریو میں تقریباً آٹھ سال سے کنزرویٹو حکومت ہےاورسکاربورو میں تقریباً آٹھ سال سے غیر مؤثر نمائندگی رہی ہے۔کیا آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ ڈگ فورڈ کے تقریباً آٹھ سال بعد آپ پہلے سے بہتر ہیں؟مجھے ایسا نہیں لگتا۔ ڈگ فورڈ نے اونٹاریو کے لوگوں کا اعتماد کھو دیا ہے۔ وہ اپنے امیر دوستوں کو ترجیح دیتے ہیں اور آپ جیسے عام لوگوں کو پیچھے چھوڑ دیتے ہیں۔
آپ فیملی ڈاکٹر تلاش نہیں کر سکتے، آپ کے بچے بھرے ہوئے کلاس رومز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جہاں اساتذہ کی شدید کمی ہے، آپ کیلئے کرائے کا گھر برداشت کرنا ممکن نہیں رہا، گھر کا مالک بننا ایک خواب بن چکا ہے جس کی تعبیر ممکن نظر نہیں آتی، اور آگے بڑھنے والے صرف ڈگ فورڈ اور ان کے امیر قریبی ساتھی ہیں۔یہ سب بدلنا ہوگا۔
مظہرشفیق نے کہاکہ مجھے فخر ہے کہ میں ایک ایسی پارٹی اور ایک ایسی رہنما بونی کرومبی کے ساتھ ہوں جو آپ کو ترجیح دے گی۔وہ صحت کی سہولیات جن کے آپ حق دار ہیں۔وہ تعلیم جو آپ کے بچوں کیلئےضروری ہے۔وہ زندگی جو آپ اپنی محنت سے کما رہے ہیں اور جسے آپ برداشت کر سکیں۔
ڈگ فورڈ صرف چالاکیوں اور اپنے امیر دوستوں پر توجہ دیتے رہے ہیں۔ہم آپ اور آپ کے خاندان کیلئے بنیادی ضروریات کو درست کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
ڈگ فورڈ کے تقریباً آٹھ سال حکومت کے بعد ہماری حالت یہ ہے کہ 25 لاکھ لوگ فیملی ڈاکٹر حاصل نہیں کر سکتے۔ بے روزگاری کی شرح 7.4 فیصد ہے، اور17 فیصد ہمارے بچوں کیلئےجواور بھی بدتر ہے۔اونٹاریو میں ایک گھر کی اوسط قیمت تقریباً 45 فیصد بڑھ چکی ہے اور ڈگ فورڈ پہلے سے بھی کم گھر بنا رہے ہیں۔
سکاربورو سینٹر کیلئےاونٹاریو لبرل پارٹی کے صوبائی ممبر کیلئے نامزد امیدوار مظہرشفیق کامزید کہناتھا کہ میرے دوستو، اب تبدیلی کا وقت آ گیا ہے۔میں اس لئے میدان میں ہوں کیونکہ میں نے اپنی آنکھوں سے فورڈ کی پالیسیوں کے اثرات دیکھے ہیں۔میں نے دیکھا ہے کہ یہ پالیسیز میرے خاندان اور آپ کے خاندان پر کیسے اثر انداز ہوئی ہیں۔میں جانتا ہوں کہ ہماری اگلی نسل کے مستقبل کیلئے ہمیں بہتر کرنا ہوگا۔میں کینیڈا پر یقین رکھتا ہوں میں اونٹاریو پر یقین رکھتا ہوں۔مجھے یقین ہے کہ اگر ہم مل کر کام کریں تو یہاں کیا کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
میری کہانی آپ کی کہانی ہے۔ یہ لاکھوں کینیڈینز کی کہانی ہے۔پیشے کے لحاظ سے میں انجینئر ہوں اور پاکستان میں ایک ہائی وے انجینئر کے طور پر کام کرتا رہا، لیکن ابتدائی سالوں میں اپنے خاندان کی کفالت کیلئے جو بھی ملازمت ملی وہ کی یہاں تک کہ بل ادا کر نے کیلئے رات کی شفٹ میں سیکیورٹی گارڈ کے طور پر بھی کام کیا ۔شفٹوں کے درمیان، میں نے دوبارہ اسکول جانا شروع کیا تاکہ اپنی مہارتیں بہتر بنا سکوں اور اپنے خاندان کیلئے ایک بہتر مستقبل تشکیل دے سکوں۔
اس کے بعد میں نے آٹوموٹیو انڈسٹری میں فیلڈ کوالٹی انجینئر کے طور پر کام کیا اور سیاست اور کمیونٹی ایکٹیوزم میں حصہ لینا شروع کیا۔ بعد ازاں، عوامی خدمت میں کیریئر بنانے کا فیصلہ کیا تاکہ اس ملک کو کچھ واپس دے سکوں اور یہ یقینی بنا سکوں کہ سب کو وہی مواقع ملیں جو مجھے نصیب ہوئے۔
میں نے2004 میں لبرل پارٹی کی رکنیت حاصل کی کیونکہ یہ وہ جماعت ہے جو میرے اقدار سے ہم آہنگ ہے۔لبرلز کا یقین ہے کہ ہر شخص کو مواقع تک رسائی حاصل ہونی چاہیے۔جو لوگ ضرورت مند ہیں، وہ مدد کے مستحق ہیں۔ہمیں مالی طور پر ذمہ دار ہونا چاہیے، لیکن ایسے سمجھدارانہ فیصلے کرنے چاہئیں جو یہ یقینی بنائیں کہ ہر کوئی محنت کے ذریعے کامیاب ہو اور اپنے خاندان کیلئےایک بہتر زندگی بنا سکے۔
ہم اس صوبے میں تبدیلی لا سکتے ہیں، اور سکاربورو کو مضبوط نمائندگی فراہم کر سکتے ہیں۔ہم ایک ایسا ایم پی پی منتخب کر سکتے ہیں جو کوئنز پارک میں سکاربورو کیلئے لڑے ، نہ کہ ایک ایسا ایم پی پی جو ڈگ فورڈ کا پیغامبر بن کر سکاربورو آئے۔
لیکن ہمیں سخت محنت کرنی ہوگی جومیں اکیلا نہیں کر سکتا۔مجھے آپ کی مالی مدد کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے پیغام کو سکاربورو سینٹر کے لوگوں تک پہنچانے کیلئے درکار وسائل حاصل کر سکیں۔مجھے آپ کے وقت کی ضرورت ہے۔ ہر دروازے پر دستک دینے کیلئے ہر نشانی لگانے کیلئے اورہر کال کرنے کیلئے آپ کاساتھ درکار ہے۔ہمیں اپنے پڑوسیوں تک پہنچنا ہوگا اور ان سے جڑنا ہوگا۔ہمیں ان کی بات سننی ہوگی۔وہ تکلیف میں ہیں وہ جدوجہد کر رہے ہیں۔
جب ہم دن گزارنے، کھانے کا بندوبست کرنے، اور چھت کے نیچے رہنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہوں، تو یہ سوچنا مشکل ہوتا ہے کہ اپنی کمیونٹی کو کیسے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔صرف زندہ رہنا کافی نہیں ہے۔ ہمیں دکھانا ہوگا کہ بہتری ممکن ہے اور ہمیں انہیں یہ دکھانا ہوگا کہ ان کے ووٹ کی کیا طاقت ہے۔سکاربورو میں جب ترقی پسند لوگ باہر آ کر ووٹ دیتے ہیں ہم جیت جاتے ہیں۔جب ترقی پسند لوگ گھر بیٹھے رہتے ہیں تو ہمیں مزید چار سال غیر مؤثر کنزرویٹو حکومت کے ملتے ہیں جو محنتی خاندانوں جیسے ہمارے خاندانوں کی مدد کی پروا نہیں کرتے۔
تو میں آج آپ سے درخواست کرتا ہوں: اس جنگ میں میرا ساتھ دینے کا عہد کریں۔کیا آپ تیار ہیں؟ہم سب مل کر لڑیں گے۔لڑیں گے اُن لوگوں کیلئے جو ڈاکٹر نہیں ڈھونڈ پا رہے۔لڑیں گے اُن خاندانوں کیلئےجو اپنا گھر نہیں خرید سکتے۔لڑیں گے اُن لوگوں کیلئے جو اپنے خاندانوں کی کفالت کیلئےاچھی نوکری نہیں ڈھونڈ پا رہے۔
لڑیں گے اپنے بچوں کی بہتر تعلیم کیلئے۔ہم سب مل کر سکاربورو کیلئے لڑیں گےاور ہم جیتیں گے.