آبنائے ہرمز پر ٹرمپ کی حمایت تباہ کن ہو سکتی ہے:نیٹو جنرل

پیرس (ایجنسیاں)نیٹو کے فرانسیسی جنرل مائیکل یاکوفلیو نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ساتھ دینا آئس برگ سے ٹکرانے کے بعد ٹائٹینک کا ٹکٹ خریدنے کے مترادف ہے۔جنرل مائیکل یاکوفلیو نے کہا کہ اتحادیوں کی جانب سے امریکا کی اس معاملے میں حمایت تاریخی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔

ادھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اتحاد نے آبنائے ہرمز کھلوانے میں مدد نہ کی تو نیٹو کا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے۔دورانِ پرواز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ایران سے بات چیت کر رہا ہے تاہم بظاہر ایران اس کیلئے تیار نہیں۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھلوانے کیلئے چین سمیت مختلف ممالک سے مدد طلب کی تھی اور توقع ظاہر کی تھی کہ فرانس، جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ بھی اپنے بحری جہاز اس خطے میں بھیجیں گے۔

دوسری جانب ٹرمپ کی اپیل پر عالمی سطح پر سرد مہری دیکھنے میں آئی، جاپان نے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر دیا جبکہ چین نے بھی اس حوالے سے خاموشی اختیار کی۔جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے جبکہ فرانس اور برطانیہ بھی خطے میں اپنے جنگی جہاز بھیجنے سے انکار کر چکے ہیں۔