اسلام آباد(نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ان کی بے مثال عسکری قیادت، قومی دفاع کیلئےگراں قدر خدمات اور آپریشنل بصیرت کے اعتراف میں بیٹن آف فیلڈ مارشل کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ پروقار تقریب ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنرل سید عاصم منیر کو یہ اعزاز عطا کیا۔

تقریب میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزراء، سروسز چیفس، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، ارکانِ پارلیمنٹ، سفارتکاروں، اور اعلیٰ سول و عسکری حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا”آج کی تقریب ہماری بہادر مسلح افواج کے ان سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا لمحہ ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کے دفاع میں ناقابلِ فراموش خدمات انجام دیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور قومی سلامتی کیلئےان کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔”
صدر نے مزید کہا کہ”ہم امن کے داعی ہیں لیکن ہماری امن کی خواہش کو کبھی کمزوری نہ سمجھا جائے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دشمن کے خلاف نہ صرف فرنٹ لائن پر قیادت کی بلکہ قوم کے اعتماد اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے ثابت کیا۔”
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا”یہ ایک تاریخی دن ہے جب ہم اپنے قومی ہیروز کی خدمات کو تسلیم کر رہے ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کشیدہ حالات میں شجاعت، استقلال اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور قوم کو سرخرو کیا۔”
انہوں نے مزید کہا”آپریشن بنیان مرصوص کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حکمت عملی اور مضبوط قیادت نے نئی تاریخ رقم کی۔ وطن کی سلامتی اور خودمختاری کیلئےان کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔”
یہ اعزاز نہ صرف جنرل عاصم منیر کی انفرادی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ افواج پاکستان کی اجتماعی قربانیوں اور ملک و ملت کے دفاع کیلئےان کے غیر متزلزل عزم کی علامت بھی ہے۔

