آزاد کشمیر کی صورتحال پر وزیراعظم کا سخت نوٹس، شہریوں سے پُرامن رہنے کی اپیل

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کا سخت نوٹس لیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پُرامن رہتے ہوئے اپنے آئینی اور جمہوری حق کے مطابق احتجاج کریں، تاہم امن عامہ کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔

وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مظاہرین کے ساتھ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں، عوامی جذبات کا احترام یقینی بنائیں اور کسی بھی غیر ضروری سختی سے اجتناب برتیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کشمیری عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

وزیراعظم نے مظاہروں کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے ان کی شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی متاثرہ خاندانوں تک فوری امداد پہنچانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

حکومتی سطح پر مسئلے کے پُرامن حل کیلئے وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے، جس میں رانا ثنا اللہ، وفاقی وزراء سردار یوسف اور احسن اقبال، سابق صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان اور قمر زمان کائرہ کو شامل کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو فوری طور پر مظفرآباد جا کر مسائل کا دیرپا حل نکالنے کی ہدایت دی ہے۔

وزیراعظم نے ایکشن کمیٹی کے اراکین اور قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے تعاون کریں تاکہ مسائل کا فوری تدارک کیا جا سکے۔ کمیٹی اپنی سفارشات اور مجوزہ حل بلا تاخیر وزیراعظم آفس کو ارسال کرے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے وطن واپسی پر مذاکراتی عمل کی خود نگرانی کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں