ہوبارٹ(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا میں پرو ہاکی لیگ کے دوران پاکستان قومی ہاکی ٹیم کو فراہم کی جانے والی غیر معیاری رہائش کے معاملے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کو ہوبارٹ میں آخری دن گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرایا گیا جہاں ایک کمرے میں متعدد کھلاڑی قیام پذیر رہے۔ کچن میں گندا سامان بکھرا ہوا تھا جبکہ کھلاڑی فرش پر بیٹھ کر کھانا کھانے پر مجبور تھے۔ اس صورتحال کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آچکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے دورۂ آسٹریلیا کے دوران ٹیم کو فائیو اسٹار ہوٹل میں ٹھہرانے کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایک کروڑ سے زائد رقم فراہم کی تھی۔ پی ایس بی کے مطابق پرو لیگ کے دوران رہائش کیلئے ایک کروڑ 5 لاکھ 74 ہزار 772 روپے کا چیک جاری کیا گیا تھا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ آسٹریلیا پہنچنے کے بعد ایک تصویر سامنے آئی جس میں کھلاڑی سڑک کنارے انتظار کرتے دکھائی دیے۔ طویل انتظار کے بعد انہیں گیسٹ ہاؤس منتقل کیا گیا۔ سڈنی میں بھی کھلاڑیوں کو ایک رات گیسٹ ہاؤس میں قیام کرنا پڑا، جبکہ ہوبارٹ میں نسبتاً بہتر مگر فائیو اسٹار معیار سے کم رہائش فراہم کی گئی، جس پر کپتان عماد بٹ کا بیان بھی سامنے آیا۔
دوسری جانب پی ایچ ایف کے سیکریٹری رانا مجاہد نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آسٹریلیا میں کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئیں اور فیڈریشن کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ خبریں بے بنیاد اور پاکستان ہاکی کے مفاد کے خلاف ہیں۔

