میرپور (سپورٹس ڈیسک)تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے فیصلہ کن میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ہوم ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 290 رنز بنائے۔ اوپننگ بلے باز تنزید حسن نے 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ لٹن داس نے 41، سیف حسن 36 اور نجم الحسن شانتو 27 رنز بنائے جبکہ توحید ہریدوئے نے 44 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے بلے باز مشکلات کا شکار رہے اور ابتدائی تین وکٹیں صرف 13 رنز پر گر گئیں۔ صاحزادہ فرحان 6، معاذ صداقت 6 اور محمد رضوان 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ عبدالصمد 34 اور غازی غوری 29 رنز کے ساتھ مزاحمت کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ بھی آؤٹ ہو گئے۔
سلمان علی آغا نے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا، تاہم پاکستان 11 رنز سے ہار گئی۔ معاذ مسعود 38 اور شاہین آفریدی 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے 4 وکٹیں، مستفیض الرحمان 3، ناہید رانا 2 اور رشد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان شاہین آفریدی نے بتایا کہ شامل حسین اور حسین طلعت زخمی ہیں، ان کی جگہ سعد مسعود اور غازی غوری کو شامل کیا گیا۔ تیسرے ون ڈے میں غازی غوری اور سعد مسعود نے ڈیبیو کیا۔
پاکستان ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، غازی غوری، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عبدالصمد، سعد مسعود، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل تھے۔واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میں بنگلادیش نے پاکستان کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔

