آٹزم آگاہی کیلئے قیصر صغیر میو کی 60 کلومیٹر واک 12 اکتوبر کو ہوگی

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) آٹزم سے متعلق آگاہی اور معاونت کیلئے قیصر صغیر میو اور ان کی ٹیم کی جانب سے چوتھی سالانہ 60 کلومیٹر واک 12 اکتوبر کو منعقد ہوگی۔قیصر صغیر میو اور ان کی ٹیم ٹورنٹو سٹی ہال سے برلنگٹن تک تقریباً 60 کلومیٹر کا فاصلہ 11 گھنٹے میں طے کریگی۔ واک کا آغاز صبح 7 بجے ٹورنٹو سٹی ہال کے صحن سے ہوگا جبکہ شرکاء تقریباً شام 6 بجے برلنگٹن ٹاؤن ہال پہنچیں گے۔

شرکاء کے اجتماع کا وقت صبح 6 بج کر 45 منٹ مقرر کیا گیا ہے۔ برلنگٹن پہنچنے پر میئر میریئن میڈ وارڈ اور ٹاؤن کونسل کے ارکان واک کے شرکاء کا استقبال کریں گے۔یہ واک مسلسل چوتھے سال آٹزم اونٹاریو کی معاونت میں منعقد کی جارہی ہے، جس کا مقصد آٹزم سے متعلق آگاہی اور معاونت کیلئے فنڈز جمع کرنا اور مختلف شہروں کی کمیونٹیز کو ایک دوسرے سے جوڑنا ہے۔

منتظمین کے مطابق شہری اس مہم میں عطیہ دے کر، کسی ٹیم میں شامل ہوکر یا واک کے کسی بھی حصے میں شرکت کرکے تعاون کرسکتے ہیں۔ شرکاء ٹورنٹو سے برلنگٹن تک 5، 10 یا 20 کلومیٹر کے حصے میں بھی واک میں شامل ہوسکتے ہیں۔

واک میں ٹورنٹو، مسی ساگا، برامپٹن، ملٹن اور برلنگٹن سمیت مختلف علاقوں کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ منتظمین نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ واک کے بارے میں اپنے دوستوں اور اہلِ خانہ کو آگاہ کریں تاکہ آٹزم سے متعلق آگاہی اور معاونت کیلئےزیادہ سے زیادہ فنڈز جمع کیے جاسکیں۔