ابوظہبی:متحدہ عرب امارات، کینیڈا میں 50 ارب ڈالر سرمایہ کاری کریگا

ابوظہبی اور اوٹاوا کے درمیان سرمایہ کاری فریم ورک کا آغاز، طویل مدتی اقتصادی شراکت داری کو فروغ

ابوظہبی + اوٹاوا(اے پی پی)متحدہ عرب امارات نے کینیڈا میں 50 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری کی توثیق کر دی ہے۔سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق، امارات نیوز ایجنسی وام نے رپورٹ کیا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات پر ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان نے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری فریم ورک کے آغاز کی منظوری دی ہے۔

معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات کینیڈا کے اہم اور سٹریٹجک شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا، جن میں توانائی، مصنوعی ذہانت، لاجسٹکس، کان کنی اور دیگر قومی صنعتیں شامل ہیں، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

اس موقع پر کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی، وزیرِ سرمایہ کاری محمد حسن السویدی اور دونوں ممالک کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔یہ سرمایہ کاری فریم ورک امارات اور کینیڈا کے درمیان طویل مدتی سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے اور معاشی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔رپورٹ کے مطابق، 2024 میں امارات کی جانب سے کینیڈا میں براہِ راست سرمایہ کاری کا حجم 8.8 ارب ڈالر جبکہ کینیڈا کی جانب سے امارات میں سرمایہ کاری 242 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔