بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کی مشیر صحت نورجہاں بیگم نے کہا ہے کہ طلبہ احتجاج میں ایک ہزار سے زائد افراد مارے 400 سے زائد کی بینائی متاثر ہوئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش میں محمد یونس کی سربراہی میں قائم عبوری حکومت کی مشیر صحت نورجہاں بیگم نے راجر باغ میں سینٹرل پولیس اسپتال کا دورہ کیا اور حالیہ فسادات میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔اس موقع پر مشیر صحت نے اسپتال کے حکام اور ڈاکٹروں کے ساتھ زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔نورجہاں بیگم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف طلبہ احتجاج کے دوران ایک ہزار سے زائد افراد مارے گئے جب کہ 400 سے زائد کی بینائی متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ افراد کے مناسب علاج کے لیے بیرون ملک سے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم منگوانے کے لیے مختلف ڈونر تنظیموں اور ورلڈ بینک کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔