ڈیرہ اسماعیل خان (نامہ نگار) – پاکستان کے معروف سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ انتقال کر گئے۔احمد شاہ نے انسٹاگرام پر اپنے بھائی کے انتقال کی اطلاع دی اور مداحوں سے عمر شاہ اور اہلِ خانہ کے لیے دعاؤں کی درخواست کی۔
وسیم بادامی نے ایک ویڈیو میں عمر شاہ کی اچانک موت کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اے آر وائی ڈیجیٹل کی رمضان ٹرانسمیشن کی جان عمر کا آج صبح فجر کے وقت انتقال ہوگیا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر کے مطابق انہیں الٹی ہوئی تھی جو پھیپھڑوں میں چلی گئی، جس سے آکسیجن کا نظام متاثر ہوا اور دل اور خون کی شریانوں کے نظام کے رکنے (Cardiovascular Arrest) کے باعث ان کا انتقال ہوا۔
احمد شاہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا: ’’ہمارے خاندان کا ننھا چمکتا ستارہ عمر شاہ اللہ تعالیٰ کے حضور واپس لوٹ گیا ہے‘‘۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے چاہنے والوں سے عمر شاہ کی مغفرت اور اہلِ خانہ کے صبر کے لیے دعا کرنے کی اپیل بھی کی۔
احمد شاہ نے 2019 کے آغاز میں اس وقت شہرت حاصل کی جب ان کی مزاحیہ ویڈیوز، جن میں وہ ’پیچھے تو دیکھو‘ جیسے جملے بولتے دکھائی دیے، سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ اس کے بعد احمد شاہ اپنے بڑے اور چھوٹے بھائی کے ہمراہ مختلف مارننگ شوز اور گیم شوز میں شریک ہوتے رہے اور اپنی معصوم باتوں اور مسکراہٹ سے ناظرین کو محظوظ کرتے رہے۔
صرف 5 سال کی عمر میں احمد شاہ سب سے کم عمر پاکستانی یوٹیوبر بنے جن کے فالوورز کی تعداد دس لاکھ سے زائد ہو گئی تھی۔ اس کامیابی کے بعد وہ بڑے ٹی وی پروگرامز، بشمول اے آر وائی کی رمضان ٹرانسمیشن اور ’جیتو پاکستان‘ جیسے مقبول گیم شوز کا بھی باقاعدہ حصہ رہے۔
عمر شاہ کے انتقال پر مداح اور شوبز شخصیات افسردہ ہیں اور اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کر رہے ہیں۔مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے عمر شاہ کی مغفرت اور خاندان کے صبر و استقامت کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔

