لاہور(شوبز ڈیسک) مقبول پاکستانی اداکارہ و پروڈیوسر حنا رضوی نے اپنے شوہر عمار احمد خان سے علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے مداحوں سے ان کی نجی زندگی کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔
حنا رضوی نے یہ اعلان انسٹاگرام پر جاری کردہ ایک سٹوری میں کیا، جس میں انہوں نے لکھا”میں بہت دکھ کے ساتھ اطلاع دے رہی ہوں کہ میں اور عمار اس وقت علیحدگی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا اور ہم دونوں کو اس رشتے کے مستقبل کے بارے میں غور کرنے کے لیے وقت کی ضرورت ہے۔”اداکارہ نے عوام سے درخواست کی کہ ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے، کیونکہ یہ فیصلہ ان دونوں کے درمیان ہے اور شادی کی اصل نوعیت وہی سمجھ سکتے ہیں جو اس رشتے میں بندھے ہوتے ہیں۔
بعد ازاں، حنا رضوی نے ایک اور انسٹا پوسٹ کے ذریعے بعض میڈیا پیجز کی جانب سے طلاق کی خبریں شائع کرنے پر وضاحت دی”میری اور عمار کی طلاق نہیں ہوئی ہے۔ ہم صرف علیحدگی کے مرحلے میں ہیں، اور اس وقت ہمیں وقت اور جگہ کی ضرورت ہے تاکہ ہم اس رشتے کے بارے میں بہترین فیصلہ کر سکیں۔”
ایک ویڈیو پیغام میں اداکارہ نے اپنی علیحدگی کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا”میں ایک سیلیبریٹی ہوں، اسی لیے میں نے یہ خبر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ لوگ میری زندگی کے بارے میں بے بنیاد تبصرے کریں یا میری نیت پر شک کریں۔ شوہر سے علیحدگی میرا بنیادی حق ہے اور میں عوام سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ میرے نجی فیصلے کا احترام کریں۔”
یاد رہے کہ اپریل 2024 میں حنا رضوی نے قریبی دوست اور معروف اداکار عمار احمد خان سے شادی کی تھی۔ ان کی شادی کو شوبز حلقوں میں کافی سراہا گیا تھا اور سوشل میڈیا پر جوڑے کی تصاویر بھی وائرل ہوئی تھیں۔
اداکارہ نے اس نازک موقع پر مثبت رویے کی اپیل کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کے مداح ان کے اس فیصلے کو ذاتی معاملہ سمجھتے ہوئے صبر و احترام کا مظاہرہ کریں گے۔

