کراچی (شوبز ڈیسک) – اداکارہ، ماڈل، پروڈیوسر اور ہدایت کارہ انجلین ملک نے پہلی بار اپنی بیماری پر کھل کر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ اس وقت کینسر سے نجات کی راہ پر گامزن ہیں، تاہم ابھی مکمل طور پر کینسر فری نہیں ہوئیں۔ ان کا علاج تاحال جاری ہے۔
انجلین ملک کے مطابق انہیں اوورین کینسر لاحق ہوا تھا، اور یہ بیماری اس وقت سامنے آئی جب یہ تیسری اسٹیج تک پہنچ چکی تھی۔
“علاج اور سفر”
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں پہلی بار دسمبر 2024 میں کینسر کی تشخیص ہوئی، تاہم انہوں نے اس کا اعلان بعد میں کیا۔ ابتدائی علاج پاکستان میں ہوا، اس کے بعد وہ دبئی اور ترکیہ میں علاج کے مراحل سے گزرتی رہیں۔ ان میں سرجری اور کیموتھراپی شامل تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ علامات ظاہر نہ ہونے کی وجہ سے انہیں کسی قسم کا درد یا بخار محسوس نہیں ہوا۔ انہوں نے خود سے بلڈ ٹیسٹ سی اے 125 کروایا، جو مثبت آنے کے بعد مزید ٹیسٹس سے ان کی بیماری کی تشخیص ہوئی۔
“خاندانی تاریخ اور خدشات”
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ ان کے خاندان میں کینسر کی تاریخ رہی ہے۔ ان کے والد، تایا اور دو بہنوں میں بھی کینسر کی تشخیص ہو چکی ہے، جب کہ ایک اور بہن کے ٹیسٹ کے مطابق ان میں کینسر کے امکانات 70 فیصد تک زیادہ ہیں۔
“خواتین کو پیغام”
انجلین ملک نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ وقتاً فوقتاً کینسر اسکریننگ ٹیسٹس ضرور کروائیں، کیونکہ اوورین کینسر عام طور پر خاموشی سے بڑھتا ہے اور علامات ظاہر نہیں کرتا۔

