اسحاق ڈار کا غزہ میں فوجی دستے بھیجنے کی خبروں کی تصدیق سے انکار

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے غزہ میں فوجی دستے بھیجنے سے متعلق خبروں کی تصدیق کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان صرف واضح مینڈیٹ اور اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں قیامِ امن کی صورت میں غزہ جا سکتا ہے، تاہم کسی مسلح گروہ کو غیر مسلح کرنے، سرنگیں تباہ کرنے یا جنگی کارروائیوں میں حصہ لینے کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اور بین الاقوامی میڈیا پر یہ رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ پاکستان ساڑھے تین ہزار فوجی غزہ بھیج رہا ہے، مگر اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے پر سول اور عسکری قیادت کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور اتفاقِ رائے موجود ہے اور یہ طے ہے کہ پاکستان کسی بھی جنگی کارروائی میں شریک نہیں ہوگا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان صرف انسانی ہمدردی، سماجی معاونت اور امن مشن کے تحت خدمات انجام دے سکتا ہے، کسی مسلمان کو دوسرے مسلمان سے لڑانے والی کسی بھی کوشش کا پاکستان حصہ نہیں بنے گا۔