لاہور (نامہ نگار خصوصی)لاہور سے راولپنڈی جانیوالی اسلام آباد ایکسپریس کو شاہدرہ کے قریب سنگین حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ٹرین کی کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ واقعے میں 29 مسافر زخمی ہوگئے جبکہ ریل گاڑیوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی۔ وزیر ریلوے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم جاری کردیا ہے۔
اسلام آباد ایکسپریس کی بوگیاں کالا شاہ کاکو کے نزدیک پٹڑی سے اتر گئیں جس سے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔ حادثے کے بعد گرین لائن ایکسپریس اور دیگر متعدد ٹرینوں کو روک دیا گیا۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (DS) کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے امدادی کام تیز کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
وزیر ریلوے نے حادثے کی تحقیقات کیلئےسات روز میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ غفلت ثابت ہونے پر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ریلوے حکام کے مطابق، حادثے کے بعد راولپنڈی اور لاہور کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کے روٹس عارضی طور پر تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ اب ٹرینیں براستہ وزیر آباد، سانگلہ ہل، حافظ آباد اور شاہدرہ لاہور پہنچیں گی۔
حادثے کے بعد گرین لائن ایکسپریس کو سادھوکی سے روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ دیگر ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر نہ ہو۔وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر آپریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

