اسلام آباد دھماکا: پشاور میں خودکش حملہ آور کے گھر پر چھاپا، 2 بھائی اور ایک خاتون گرفتار

پشاور/اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے پشاور میں مبینہ خودکش حملہ آور کے گھر پر چھاپا مارا، جہاں سے اس کے دو بھائیوں اور ایک خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق دھماکے کی جگہ سے ملنے والے شناختی کارڈ کی مدد سے حملہ آور کی شناخت یاسر نامی شخص کے طور پر کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور گزشتہ پانچ ماہ افغانستان میں مقیم رہا، جہاں اس نے مبینہ طور پر اسلحہ چلانے اور خودکش حملے کی تربیت حاصل کی۔

حکام کے مطابق پشاور اور نوشہرہ میں خودکش حملہ آور کے ممکنہ نیٹ ورک اور سہولت کاروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل چھان بین جاری ہے اور شواہد کی بنیاد پر مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 32 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔پمز ذرائع کے مطابق اسپتال میں 105 زخمیوں اور 28 میتوں کو منتقل کیا گیا، جن میں سے 27 میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔