اسلام آباد: شادی والے گھر میں سلنڈر دھماکا، دلہا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو آبپارہ میں شادی والے گھر میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دلہا اور دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق رات دو بجے بارات کے گھر پہنچنے کے بعد سلنڈر دھماکا ہوا، جس سے عمارت زمین بوس ہوگئی اور ملبے تلے دب کر دلہا دلہن سمیت 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی کہ اچانک سلنڈر پھٹ گیا۔ دھماکا 66 کوارٹرز گلی نمبر 23 میں ہوا جس کے نتیجے میں چار مکانات متاثر ہوئے، جبکہ ریسکیو حکام کے مطابق پڑوس کے تین گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی دھماکے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے گا۔