اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بشریٰ بی بی اور علیمہ خان سے متعلق بیانات پر ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق پارٹی کی مرکزی قیادت نے علی امین گنڈاپور کے حالیہ انٹرویوز اور بیانات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں کے بعد قیادت نے ان کے خلاف ایکشن لینے پر اتفاق کیا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی سے قبل تمام ویڈیوز اور بیانات کی تفصیلات منگوائی گئیں اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ کیا گیا۔اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے اہلِ خانہ سے متعلق کوئی بھی بیان برداشت نہیں کیا جائے گا۔
تحریکِ انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے بھی کہا کہ علی امین گنڈاپور نے بہت سی باتیں کی ہیں اور ان کے بیانات کا جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی قرض نہیں رکھا جائے گا، تاہم آج وہ دن نہیں، تمام باتوں کا مناسب وقت پر جواب دیا جائے گا۔

