’مضبوط ربط، محفوظ امن‘ کے عنوان سے کانفرنس، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا علاقائی سلامتی پر زور
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی+آئی ایس پی آر)پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں “ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکا، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد باہمی فوجی تعاون، دہشت گردی کے خلاف اشتراک، اور علاقائی امن کیلئے مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، کانفرنس کی میزبانی پاکستان نے کی جس کا موضوع تھا “مضبوط ربط، محفوظ امن”۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکت کرنے والے تمام وفود کو خوش آمدید کہا اور اپنے خطاب میں خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ”عالمی خطرات اور پیچیدہ ہائبرڈ چیلنجز کے مقابلے کیلئے اسٹریٹجک مکالمہ، باہمی اعتماد اور تعاون ناگزیر ہے۔ پاکستان ایک محفوظ، خوشحال اور باہم مربوط علاقائی مستقبل کیلئے پُرعزم ہے۔”
آئی ایس پی آر کے مطابق، کانفرنس میں انسدادِ دہشت گردی تعاون، مشترکہ تربیت، سائبر سیکیورٹی، اور بحرانوں کے دوران انسانی ہمدردی پر مبنی ردِعمل جیسے اہم معاملات زیرِ غور آئے۔
کانفرنس میں شریک وفود نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امن، خودمختاری کے احترام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔سائبر سیکیورٹی اور پرتشدد انتہاپسندی جیسے خطرات سے نمٹنے کیلئے علاقائی تعاون کو وسعت دی جائے۔دفاعی سفارت کاری کو فروغ دے کر خطے میں اسٹریٹجک ہم آہنگی پیدا کی جائے۔
کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کی عسکری قیادت، میزبانی اور پیش رفت کو سراہا اور مشترکہ سیکیورٹی مقاصد کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔اسلام آباد میں منعقدہ یہ ریجنل کانفرنس نہ صرف پاکستان کے اس عزم کا عملی مظہر ہے کہ وہ خطے میں قیادت کرے، بلکہ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم بھی ثابت ہوئی ہے جو عالمی و علاقائی سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں عملی پیش رفت کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

