اسلام آباد :پاکستان رابطہ کرے تو سستا تیل فراہم کریں گے:روسی سفیر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) البرٹ پی خوریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان روس سے رابطہ کرے تو اسے سستا تیل فراہم کیا جا سکتا ہے اور پاکستان موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران روسی سفیر نے بتایا کہ روس کے ایران کے ساتھ کئی دہائیوں سے فوجی اور تکنیکی تعاون موجود ہے، جبکہ ایران کا حالیہ ردعمل خلیجی آبناؤں میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کیخلاف تھا۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال غیر یقینی ہے اور اس پر مزید تبصرہ کرنا قبل از وقت ہوگا۔

روسی سفیر کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی فوجی مہم جوئی پر دنیا حیران ہے اور یہ کہنا مشکل ہے کہ کشیدگی کب اور کیسے ختم ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ روس پاکستان کو تیل فروخت کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم تاحال پاکستان کی جانب سے باضابطہ رابطے کی کوئی اطلاع نہیں، جبکہ توانائی کا شعبہ پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعاون کا اہم ستون ہے۔روسی سفیر نے ایران میں بچیوں کے اسکول پر حملے کی شدید مذمت بھی کی۔