اسلام آباد:اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث منظم گروہ کے6 ارکان گرفتار

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث ایک منظم گروہ کے6 ارکان گرفتار کرلیے ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان سے اے ٹی ایم، ڈیبٹ کارڈز اور دیگر متعلقہ مواد برآمد کیا گیا۔

این سی سی آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد کے مطابق کارروائی کے دوران گروہ کی مرکزی ملزمہ کو چنیوٹ سے گرفتار کیا گیا، جبکہ نشاندہی پر اسلام آباد کے علاقے مہرآبادی سے دیگر ارکان بھی پکڑے گئے۔

این سی سی آئی اے نے بتایا کہ گروہ اے ٹی ایم بوتھس پر کارڈ کی تبدیلی میں ملوث تھا اور متاثرین کے بینک کھاتوں سے نقد رقم نکالتا تھا۔ایجنسی نے مزید کہا کہ منظم گروہ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ مرکزی ملزمہ پہلے سے اشتہاری ہے اور مختلف مقدمات میں مطلوب تھی۔