جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے رکن ایڈووکیٹ اختر حسین نے حالیہ عدالتی تقرریوں میں تنازعات کو جواز بناتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، اختر حسین پاکستان بارکونسل کی جانب سےجوڈیشل کمیشن کے نامزد رکن تھے۔ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے رکن ایڈووکیٹ اختر حسین نے اپنا استعفیٰ چیئرمین جوڈیشل کمیشن جسٹس یحییٰ آفریدی کو بھجوا دیا۔
اختر حسین نے استعفے میں موقف اپنایا ہے کہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی رکنیت سے استعفیٰ دیتا ہوں، پاکستان بار کونسل نے مجھے 3 مرتبہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا رکن نامزد کیا، اپنی ذمہ داریاں اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق انجام دیتا رہا۔
انہوں نے اپنے فیصلے کی وجہ بیان کرتے ہوئے لکھا کہ حالیہ عدالتی تقرریوں سے متعلق تنازعات کی بنا پر مزیدکام جاری نہیں رکھ سکتا، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی رکنیت سے مستعفی ہوتا ہوں۔انہوں نے لکھا کہ عدلیہ کی ترقی، خود مختاری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھوں گا، چیئرمین پاکستان بار کونسل کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

