اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ جیتنے والی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی، جہاں اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ایئرپورٹ کے باہر شائقینِ کرکٹ نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور قومی ٹیم کے حق میں نعرے لگائے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے، جس میں فائنل میں بھارت کو شکست دینے والے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ یہ پاکستان کی جانب سے انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے کا دوسرا موقع ہے، اس سے قبل 2012 کے ایونٹ میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر فاتح قرار پائے تھے۔

