اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 55، 55 روپے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔
نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں علی پرویز ملک نے بتایا کہ اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 321 روپے 17 پیسے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ملک اس وقت غیر معمولی حالات سے گزر رہا ہے اور پڑوس میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث پورا خطہ متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر بڑھانے کی کوشش کی ہے اور معاملے کو حکمت کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ ناجائز منافع خوری پر وزیراعظم نے سختی سے نوٹس لیا ہے اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ مجبوری کے تحت کیا گیا ہے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف خود اس صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ملک میں موجود ذخائر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے درآمدات اور برآمدات پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر موجود ہیں اور عوام کو کسی قسم کے خوف و ہراس میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔
اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر پٹرولیم، وزیر تجارت اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ اوگرا، پارکو اور دیگر متعلقہ اداروں نے پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور عالمی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

