افغان دارالحکومت کابل میں دھماکا،چینی شہری سمیت 7 افراد ہلاک، 20 زخمی

کابل(ایجنسیاں)افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے “شہرنو” میں ایک دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔دھماکا ایک ہوٹل کے قریب ہوا، جہاں غیر ملکی سفارت خانے، شاپنگ کمپلیکس اور بڑے دفاتر کی عمارتیں موجود ہیں۔ زخمیوں میں 4 خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک چینی مسلم شہری اور 6 افغان شہری شامل ہیں۔ دھماکا شہرنو کے علاقے میں چینی ریسٹورنٹ کے کچن کے نزدیک ہوا، جو عبدالماجد (چینی مسلم شہری) اور افغان شہری عبدالجبار کے مشترکہ زیرِ انتظام تھا۔دھماکے کی نوعیت ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ شہرنو کا علاقہ عام طور پر غیر ملکیوں کی رہائش کے لیے محفوظ سمجھا جاتا ہے۔