اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اس وقت بند ہے اور سیکیورٹی صورتحال کے مکمل جائزے تک بند ہی رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانیوں کی جانیں کسی بھی تجارتی سامان سے زیادہ قیمتی ہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے بعد افغانستان کی صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوحہ مذاکرات کے بعد افغان سرزمین سے پاکستان پر کوئی حملہ نہیں ہوا، تاہم موجودہ حالات ماضی کے حملوں اور پاکستانی شہریوں کے قتل عام کے باعث تبدیل ہوئے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں طاہر اندرابی نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے ان تجارتی مقامات پر مسلسل حملے کیے جا رہے ہیں، جن میں معصوم پاکستانی شہید ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’پاکستانیوں کی جانیں کسی بھی تجارتی مفاد سے زیادہ قیمتی ہیں، اسی لیے ٹرانزٹ ٹریڈ فی الحال معطل ہے۔‘‘
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا پیغام افغان عبوری حکام کے لیے بالکل واضح ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان میں دہشت گردی کے فروغ یا سرپرستی کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوئی غیر معمولی مطالبہ نہیں کر رہا بلکہ صرف وہی وعدے پورے کرنے کا کہہ رہا ہے جو طالبان نے دوحہ معاہدے کے تحت کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ چند سال قبل جب طالبان نے افغانستان کا کنٹرول سنبھالا تو اُس وقت یقیناً ایک مثبت فضا قائم ہوئی تھی، مگر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں نے اس صورتحال کو بدل کر رکھ دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان توقع رکھتا ہے کہ افغان حکام ان حملوں کو روکنے، مجرموں کو گرفتار کرنے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کریں گے۔
پولینڈ کے نائب وزیراعظم کے حالیہ دورہ پاکستان کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جن میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوئے۔ پولینڈ کے نائب وزیراعظم نے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اسرائیلی پارلیمنٹ کی متنازع قانون سازی پر بھی ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عالمی قوانین اور اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔

