نیویارک (نمائندہ خصوصی، یو این او)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وینزویلا کے خلاف 3 جنوری کو کی گئی امریکی فوجی کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کے خلاف قرار دیا ہے۔
یو این کے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں سیکریٹری جنرل نے زور دیا کہ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ امریکی تحویل میں ہیں اور تمام فریق اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کریں۔ انہوں نے کہا کہ دھمکی یا طاقت کے استعمال پر پابندی ضروری ہے اور قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین میں منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ، وسائل کے تنازعات اور انسانی حقوق سے متعلق مسائل کے حل کے مؤثر ذرائع موجود ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وینزویلا میں کی گئی فوجی کارروائی میں بین الاقوامی قوانین کی پاسداری نہیں ہوئی، اور اقوام متحدہ کے چارٹر میں کسی ریاست کی سالمیت یا آزادی کے خلاف طاقت یا دھمکی پر پابندی ہے۔
سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ وینزویلا حکومت کی درخواست پر مقرر کیے گئے انتخابی ماہرین کے پینل نے سنگین مسائل کی نشاندہی کی ہے، اور انتخابات کے نتائج کی شفاف اشاعت کے لیے مسلسل اپیل کی گئی ہے۔
انتونیو گوتریس نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ جامع اور جمہوری مکالمہ شروع کریں تاکہ معاشرے کے تمام طبقات اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔ انہوں نے پڑوسی ممالک اور عالمی برادری سے کہا کہ وہ یکجہتی اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں کے تحت کردار ادا کریں۔
سیکریٹری جنرل نے کہا کہ وینزویلا کے عوام کو پرامن حل کی طرف لے جانے والی تمام کوششوں کا اقوام متحدہ خیرمقدم کرتا ہے اور امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے چارٹر اور تمام متعلقہ قانونی فریم ورک کا احترام ناگزیر ہے۔

