اقوام متحدہ: پاکستان اور بھارت سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے تیار ہیں: انتونیو گوتریس

اقوام متحدہ(ایجنسیاں)اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان اور بھارت میں حالیہ تباہ کن سیلابوں سے ہونیوالے بڑے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کے مطابق سیکریٹری جنرل نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔کہا کہ اگر پاکستان یا بھارت کی جانب سے مدد کی درخواست کی گئی تو اقوام متحدہ فوری طور پر مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

صرف صوبہ خیبرپختونخوا میں 2 دن کی شدید بارشوں کے نتیجے میں 323 افراد جاں بحق ہو گئے۔ملک بھر میں اموات کی تعداد 657 تک پہنچ چکی ہے۔یہ 2022 کے بعد ایک اور شدید تباہ کن سیلاب ہے، جب انتونیو گوتریس نے ذاتی طور پر پاکستان کا دورہ کیا تھا اور سندھ و بلوچستان سمیت متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا تھا۔

اتوار کو پوپ لیو XIV نے بھی سیلاب متاثرین کیلئےخصوصی دعائیں کیں۔انہوں نے پاکستان، بھارت اور نیپال کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا جو شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔پوپ کا کہنا تھا کہ وہ متاثرین، ان کے اہل خانہ اور تمام متاثرہ افراد کیلئےدعا گو ہیں۔

یہ صورتحال خطے میں بڑھتے ہوئے موسمیاتی بحران اور اس کے انسانی اثرات کو ایک بار پھر نمایاں کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں