کیلگری(نمائندہ خصوصی)البرٹہ میں گھڑیوں کو نومبر میں ایک گھنٹہ پیچھے نہ کرنے اور مستقل طور پر موسمِ گرما کے وقت پر رہنے کے فیصلے کے باعث رواں این ایچ ایل سیزن میں کیلگری فلیمز کے بعض میچ رات دیر سے شروع ہوں گے۔
کیلگری فلیمز کے 8 میچ رات 9 بجے شروع ہونگے، جن میں 2 میچ سَیڈل ڈوم میں کھیلے جائیں گے۔ فلیمز کے کپتان میکائل بیکلنڈ نے کہا کہ پیشہ ور کھلاڑیوں کو تیاری کیلئے جو کرنا پڑے، وہ کرتے ہیں، اور کیفین بھی دستیاب ہے۔
فلیمز کے کھلاڑی ریان اسٹرووم نے بتایا کہ ان کے 6، 5 اور 2 سال کے بچے رات 9 بجے شروع ہونے والے میچ دیکھنے نہیں آسکیں گے۔ ان کے مطابق ان میچوں کے ٹکٹ ان کے اہل خانہ کیلئے دستیاب نہیں رہیں گے کیونکہ بچے اتنی دیر سے ہونیوالے مقابلوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
البرٹا کے مستقل موسمِ گرما کے وقت پر رہنے کے فیصلے کے ساتھ برٹش کولمبیا اور مینی ٹوبا نے بھی اسی نوعیت کا فیصلہ کیا ہے، جس سے مغربی کینیڈا میں این ایچ ایل کے میچوں کے اوقات میں تبدیلیاں ہوئی ہیں۔
کیلگری فلیمز کے صدر اور چیف ایگزیکٹو افسر رابرٹ ہیز نے کہا کہ میچوں کے اوقات صوبائی فیصلے اور لیگ کے نشریاتی نظام سے متعلق فیصلوں کے باعث تبدیل ہوئے ہیں اور یہ ایسی چیز ہے جس پر ان کا اختیار نہیں۔
کیلگری کو رواں سیزن میں دوپہر کے اوقات میں شروع ہونے والے 8 میچ بھی ملے ہیں، جبکہ گزشتہ سیزن میں ایسے میچوں کی تعداد 5 تھی۔ ہیز کے مطابق دوپہر کے میچ خاندانوں کیلئے زیادہ موزوں ہوں گے، جبکہ ہفتہ کی رات 9 بجے شروع ہونے والے میچوں میں شائقین کیلئے زیادہ پرجوش ماحول بننے کی توقع ہے۔
کیلگری میں رات 9 بجے شروع ہونے والے میچوں میں 26 دسمبر کو وینکوور کینکس اور 16 جنوری کو لاس اینجلس کنگز کیخلاف مقابلے شامل ہیں۔
ایڈمنٹن آئلرز کے 7 میچ رات 9 بجے شروع ہوں گے، جن میں 7 نومبر کو وینکوور کینکس اور 6 مارچ کو شکاگو بلیک ہاکس کے خلاف راجرز پلیس میں ہونے والے میچ شامل ہیں۔
آئلرز کے دفاعی کھلاڑی جیک والمین نے کہا کہ انہیں شاید دیر سے شروع ہونے والے میچوں سے زیادہ فرق محسوس نہیں ہوگا، تاہم گھر پر میچ دیکھنے والے ان کے اہل خانہ کیلئے رات گئے تک جاگنا مشکل ہوسکتا ہے۔
آئلرز کے کھلاڑی ٹرینٹ فریڈرک نے بتایا کہ دیر سے شروع ہونے والے میچوں کیلئے وہ اپنی نیند کا معمول تبدیل کرینگے، رات کو کچھ دیر سے سوئیں گے اور معمول سے کچھ دیر بعد کھانا کھائیں گے۔
مینی ٹوبا نے 17 ستمبر کو مستقل طور پر موسمِ گرما کے وقت پر رہنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے اگلے روز این ایچ ایل نے ونی پیگ جیٹس کے 12 گھریلو میچوں کے اوقات میں تبدیلی کی، تاہم کوئی میچ مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے 7 بجے سے زیادہ دیر سے شروع نہیں ہوگا۔
ونی پیگ جیٹس کے دور کے میچوں میں 13 فروری کو وینکوور کینکس کے خلاف رات 10 بجے اور 2 دسمبر کو یوٹاہ میمتھ کے خلاف رات ساڑھے 9 بجے شروع ہونے والا میچ بھی شامل ہے۔
دوسری جانب وینکوور کینکس کے دور کے میچوں میں بھی مختلف اوقات رکھے گئے ہیں، جن میں شام پونے 5 بجے اور رات 7 بج کر 40 منٹ پر شروع ہونے والے مقابلے شامل ہیں۔
کینکس کے کھلاڑی برینڈن گالاگر نے کہا کہ نئے اوقات یقیناً مختلف محسوس ہوں گے کیونکہ وہ اس صورتحال سے پہلے نہیں گزرے، تاہم کھلاڑی وقت کے ساتھ اس کے عادی ہوجائیں گے۔ ان کے مطابق میچ شروع ہونے کے بعد یہ اب بھی ہاکی ہی ہوگی اور کھلاڑیوں کا کام میدان میں اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہے۔

