الجبیل ،سعودی عرب(سپورٹس ڈیسک) سعودی عرب کے شہر الجبیل میں کرکٹ کے شائقین کیلئےارشاد میموریل T12 کرکٹ ٹورنامنٹ کے دو فائنل میچز کا انعقاد کیا گیا، جس میں نقی الیون اور شاہین الیون نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی چیمپیئن شپ اپنے نام کی۔

اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 30 ٹیموں نے حصہ لیا جنہیں پرائم اور پریمیر ڈویژن میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ٹورنامنٹ کے آخری دن دو فائنل میچز کھیلے گئے۔ پہلے فائنل میں شاہین الیون نے ایگل الیون کو شکست دی جبکہ دوسرے فائنل میں نقی الیون نے اے ایل سی سی الیون کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہرایا۔

اختتامی تقریب میں کھلاڑیوں نے جیت کا جشن منایا اور ٹورنامنٹ کی کامیاب میزبانی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ الجبیل کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے جبکہ نقی الیون اور شاہین الیون کی ٹیموں کو ٹرافیاں اور میڈلز بھی دئیے گئے۔
اس موقع پر کھلاڑیوں نے کہا کہ الجبیل میں کرکٹ کا کھیل تیزی سے فروغ پا رہا ہے، جس کی بدولت اکیڈمیز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے اور نئے گراونڈز بنائے جا رہے ہیں، جس سے کرکٹ کا کھیل مزید بہتر انداز میں آگے بڑھے گا۔

