الیکشن ٹربیونل نےنواز شریف کی کامیابی کیخلاف یاسمین راشد کی درخواست مسترد کردی

لاہور(وقائع نگارخصوصی)لاہور میں قائم الیکشن ٹربیونل نے قید میں موجود پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کی جانب سے دائر وہ درخواست مسترد کر دی ہے، جس میں 2024 کے عام انتخابات میں حلقہ این اے 130 سے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی کامیابی کو چیلنج کیا گیا تھا۔

ریٹائرڈ جسٹس رانا زاہد محمود نے یاسمین راشد کی درخواست تکنیکی بنیادوں پر خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت انتخابی عذر داری دائر کرنے کے قانونی تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہیں۔ ٹربیونل کا تحریری فیصلہ تاحال جاری نہیں کیا گیا۔

یاسمین راشد نے 16 اپریل 2024 کو نواز شریف کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نتائج جاری کیے۔ درخواست میں سابق وزیراعظم کی کامیابی کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی جبکہ الزام لگایا گیا تھا کہ نتائج میں ردوبدل کر کے ان کی شکست کو یقینی بنایا گیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن 13 فروری 2024 کو جاری کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق نواز شریف نے ایک لاکھ 79 ہزار 310 ووٹ حاصل کیے، جبکہ یاسمین راشد ایک لاکھ 4 ہزار 485 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔