لاہور(سپورٹس ڈیسک) محمد رضوان اور امام الحق ڈومیسٹک کرکٹ کی پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ذرائع کے مطابق قواعد کے تحت محمد رضوان اور امام الحق نے اپنی اپنی ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کو فٹنس ٹیسٹ نہیں دیے۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں شرکت کیلئےپاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیموں کیلئےکھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینا اور ان کی رپورٹ جمع کرانا لازمی قرار دے رکھا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کرکٹرز کی متعلقہ ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کے پاس فٹنس ٹیسٹ کی کوئی رپورٹ موجود نہیں، جس کے باعث وہ پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
محمد رضوان سوئی ناردرن گیس کی ٹیم کے نائب کپتان ہیں، کپتان شان مسعود کی پہلے مرحلے میں عدم دستیابی کے باعث رضوان کو ٹیم کی قیادت کرنا تھی۔ سوئی ناردرن گیس کا پہلا میچ اسٹیٹ بینک کے خلاف شیڈول ہے۔دوسری جانب امام الحق او جی ڈی سی کی ٹیم کے کپتان ہیں، جس کا پہلا میچ پی ٹی وی کے خلاف شیڈول ہے۔واضح رہے کہ محمد رضوان اور امام الحق کو دورۂ انگلینڈ سے وطن واپس بلا لیا گیا تھا اور دونوں کرکٹرز کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

