لندن (ایجنسیاں) امریکا کی آبنائے ہرمز کھولنے میں ناکامی کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 9 فیصد تک اضافہ ہوگیا۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 92 ڈالر فی بیرل کی سطح تک پہنچ گئی ہے جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 88 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز کی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں توانائی کی فراہمی سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہر صورت آبنائے ہرمز کھلوانے کا اعلان کیا تھا۔ ایران کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ گزرنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کمرشل بحری جہازوں کی انشورنس بھی کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر ان جہازوں کی حفاظت کے لیے امریکی بحریہ کو بھی تعینات کیا جائے گا۔

