تہران/تل ابیب/ریاض (عرب میڈیا رپورٹس) امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ میں مختلف ممالک میں جانی نقصان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، دستیاب اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی مجموعی تعداد کم از کم 1,333 افراد تک پہنچ گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران میں کم از کم 1,230 افراد شہید ہوئے ہیں، جن میں 175 طالبات اور اسکول عملہ بھی شامل ہیں جو ہفتے کے روز میناب میں ایک اسکول پر میزائل حملے میں مارے گئے۔اسرائیل میں ایرانی اور حزب اللہ کے حملوں میں 11 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 9 افراد یکم مارچ کو بیئت شمیش پر ایرانی میزائل حملے میں مارے گئے جبکہ ایرانی حملوں میں 6 امریکی فوجی بھی ہلاک ہوئے۔
متحدہ عرب امارات میں حملوں سے 3 افراد جاں بحق ہوئے، بحرین میں میزائل مار گرنے پر صنعتی علاقے میں آگ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوا۔کویت میں ایرانی حملوں سے 2 کویتی فوجیوں سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے جبکہ عمان کی بندرگاہ پر ٹینکر پر پروجیکٹائل حملے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
لبنان میں اسرائیلی حملوں کے دوران پیر سے اب تک کم از کم 77 افراد شہید ہوئے۔اس طرح ایران، اسرائیل، خلیجی ممالک اور لبنان میں ہونے والی ہلاکتوں کو ملا کر کل کم از کم 1,333 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ بتائی جا رہی ہے۔

