امریکا: جیفری ایپسٹن کی ای میلز میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کانام

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکا میں جنسی جرائم کے مجرم جیفری ایپسٹن کی ای میلز میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا نام سامنے آنے پر بھارت میں سیاسی ہلچل مچ گئی ہے۔ بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے وزیراعظم مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے ایپسٹن سے مبینہ تعلق کو بھارت کے لیے شرمناک قرار دیا ہے۔

کانگریس رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ قومی وقار اور بین الاقوامی ساکھ سے جڑا ہے، اس پر وزیراعظم مودی کو قوم کے سامنے جواب دینا چاہیے۔ کانگریس کے مطابق ایپسٹن نے اپنی ای میل میں لکھا کہ مودی نے اس سے مشورہ لیا اور اسرائیل کا دورہ کیا، جہاں امریکی صدر کے فائدے کے لیے اقدامات کیے گئے جو کامیاب رہے۔کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ ای میل جولائی 2017 میں مودی کے اسرائیل کے دورے کے تین روز بعد لکھی گئی جبکہ اس سے قبل جون 2017 میں مودی نے امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔

اپوزیشن کے مطابق ان تفصیلات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعظم مودی کا جیفری ایپسٹن کے ساتھ گہرا تعلق رہا ہے، جس پر مودی کو وضاحت دینا ہوگی کہ وہ ایپسٹن سے کس نوعیت کا مشورہ لیتے رہے اور ان دوروں کا اصل مقصد کیا تھا۔