واشنگٹن(نمائندہ خصوصی)امریکا میں شدید برفانی طوفان کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں ایک فٹ سے زیادہ برف گر گئی اور مختلف حادثات میں 14 افراد ہلاک ہوگئے۔ طوفان کی شدت سے کئی دہائیوں کی شدید ترین سردی محسوس کی گئی، 17 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں اور 10 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں۔
امریکا کے 44 ریاستوں کے تقریباً 20 کروڑ افراد کے لیے شدید ترین ٹھنڈ کی وارننگ جاری کی گئی ہے جبکہ 24 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما، نیوجرسی سمیت درجنوں ریاستوں میں شدید برف باری اور سرد ہوائیں جاری ہیں۔
نیویارک کے دیہی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 49 ڈگری تک گر گیا، واشنگٹن میں وفاقی دفاتر بند ہیں اور نیویارک سٹی کے اسکولوں میں آن لائن کلاسیں جاری ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آرکٹک ہواؤں کی شدید لہر سے درجہ حرارت اگلے کئی دنوں تک نقطہ انجماد سے نیچے رہے گا۔

